ہندوستان نے پاکستان کے سامنے ایک ہندوستانی مسلم سجادہ نشین سمیت اپنے دو
شہریوں کے لاپتہ ہونے کا معاملہ اٹھایا ہے۔ دونوں پاکستان میں لاپتہ ہو گئے
ہیں۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے ٹوئٹ کیا کہ ہم نے اس معاملے کو پاکستان
حکومت کے سامنے اٹھایا ہے اور پاکستان میں ان دونوں ہندوستانی شہریوں کے
بارے میں تازہ صورت حال سے آگاہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
محترمہ سوراج نے کہا کہ ہندوستانی شہری 80 سالہ سید آصف علی نظامی اور ان
کا بھتیجا ناظم علی نظامی
گزشتہ آٹھ مارچ کو پاکستان گئے تھے۔ دونوں کراچی
ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد سےہی لاپتہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سید آصف علی
نظامی حضرت نظام الدین اولیاءکی درگاہ کے سجادہ نشین ہیں۔
خیال رہے کہ آصف علی نظامی کل کراچی میں رشتہ دار سے ملنے کے بعد لاہور کی
درگاہ پر زیارت کیلئے گئے تھے، اس کے بعد سے نظامی کی کوئی خبر نہیں ہے۔
جبکہ ناظم نظامی کی کراچی سے لاپتہ ہونے کی خبر ہے۔تاہم یہ اب تک واضح نہیں
ہو پایا ہے کہ ان کی گمشدگی میں کسی بنیاد پرست تنظیم کا ہاتھ ہے یا نہیں۔